2

روپیہ مزید مضبوط، ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ

انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 21 ماہ کے طویل عرصے کے بعد ڈالر 278 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق پاک چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے وابستہ صنعتی ترقی کی توقعات، ازبکستان کے ساتھ متوقع پانچ سالہ اقتصادی تعاون، عالمی سطح پر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی کمزوری اور مثبت معاشی اشاریوں کے باعث روپے کو سہارا ملا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، ایک موقع پر ڈالر 28 پیسے کمی کے بعد 277 روپے 72 پیسے کی سطح پر آگیا۔

تاہم درآمدی ضروریات کے لیے طلب میں اضافے کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر مزید 3 پیسے کمی کے بعد 277 روپے 97 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی اور 279 روپے 68 پیسے کی سطح پر برقرار رہی۔

ماہرین کے مطابق ترکیہ کی کمپنیوں کی پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری، بیرونی تعاون اور معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے اثرات کرنسی مارکیٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں۔