1

ارجنٹینا کی فتح پر سوالات، لیونل میسی نے خاموشی توڑ دی

ارجنٹینا کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی کامیابیوں سے متعلق جانبداری اور فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔

انگلینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی سے ارجنٹینا کے حق میں مبینہ جانبداری سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کی کامیابیاں مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہیں۔

میسی نے کہا کہ ارجنٹینا گزشتہ چار سال سے دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہے، چاہے یہ بات کچھ لوگوں کو پسند آئے یا نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ٹیم نے حاصل کیا وہ اتفاق نہیں بلکہ محنت، عزم اور کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

ارجنٹائنی کپتان نے کہا کہ کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا، ہمیں کوئی چیز مفت میں نہیں ملتی، ہر کامیابی کے پیچھے سخت محنت شامل ہے۔

سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کو میسی نے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اگر میراڈونا آج موجود ہوتے تو وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہوتے، یہ فتح ان کے لیے ایک تحفہ ہے۔

میسی نے 1986 کے ورلڈ کپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی دکھائی تھی اور آج کی کامیابی اسی جذبے کا تسلسل ہے۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔