178

نیمار نے نوجوان کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر معذرت کر لی

برازیلین فٹبال اسٹار نیمار نے اپنے کلب  کے نوجوان کھلاڑی روبینہو جونیئر سے پیش آنے والے واقعے پر معذرت کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ہونے والے تربیتی سیشن کے دوران 18 سالہ روبینہو جونیئر نے نیمار کو ڈرِبل کرتے ہوئے پیچھے چھوڑ دیا، جس پر وہ غصے میں آگئے اور مبینہ طور پر نوجوان کھلاڑی کو چہرے پر تھپڑ مار دیا۔

واقعے کے بعد کلب انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں، تاہم بعد ازاں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔

نیمار نے میڈیا کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جذبات میں آکر حد پار کر دی اور انہیں اپنے رویے پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران بعض اوقات جذباتی لمحات پیش آتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ غلط ردعمل دیا جائے۔

بعد ازاں میچ کے دوران نیمار نے گول کرنے کے بعد نوجوان کھلاڑی سے گلے مل کر صلح کا اظہار بھی کیا۔ روبینہو جونیئر نے بھی تصدیق کی کہ نیمار نے فوری طور پر معافی مانگ لی تھی اور معاملہ ختم ہو چکا ہے۔