63

ایران امریکا معاہدے کی خبروں سے عالمی منڈی میں تیل سستا

عالمی مارکیٹ: ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ عالمی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان معاہدے کے قریب پہنچنے اور “پروجیکٹ فریڈم” کی عارضی معطلی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 12 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 97 ڈالر، امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 90 ڈالر جبکہ یو اے ای مربن خام تیل کی قیمت 99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی آئی، جنوبی کوریا کا کاسپی انڈیکس 6 فیصد سے زائد بڑھ گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ ایک موقع پر انڈیکس 3 ہزار 896 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 68 ہزار 638 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

یورپ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی اسٹاک مارکیٹس میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔