53

آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، عوام پریشان

ملک بھر میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔

 

سب سے زیادہ اضافہ لاہور، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں دیکھنے میں آیا، جہاں آٹے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ہوا۔ لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے سے بڑھ کر 2000 روپے تک جا پہنچا، جبکہ سرگودھا میں 190 روپے اور سکھر میں 160 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں یہی تھیلا 2373 روپے جبکہ پشاور میں 2350 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ بلوچستان میں بھی قیمتوں میں 80 سے 90 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

 

شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اچانک اور بڑا اضافہ حکومتی کارکردگی اور پرائس کنٹرول سسٹم پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قابو میں لایا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔