سری لنکا کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹر دنیش چندیمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں، جس سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو اہم تقویت حاصل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق دنیش چندیمل کو قومی ڈیوٹی کے باعث نیوزی لینڈ روانہ ہونے والے بیون جیکبز کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ٹیم کے اگلے تین میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنا ساتواں میچ جمعہ کو دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ آٹھویں میچ میں اتوار کو پشاور زلمی کے مدمقابل آئے گی۔ ٹیم اپنا آخری لیگ میچ 21 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک چھ میچز میں دو فتوحات اور چار ناکامیوں کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ دنیش چندیمل کی شمولیت آئندہ میچز میں ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔









