142

پی سی بی کا بڑا فیصلہ، بلیسنگ مزارابانی دو ایڈیشنز کے لیے نااہل قرار

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ کو معاہدے کی خلاف ورزی پر فوری طور پر اگلے دو ایڈیشنز کے لیے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سپر لیگ کے معاہدے میں طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد، معاہدوں کی پاسداری اور باہمی ذمہ داریوں پر قائم ہوتی ہے، تاہم مذکورہ کھلاڑی نے اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔

پی سی بی کا مؤقف ہے کہ تحریری معاہدے اور مالی شرائط پر اتفاق کے بعد اس کی پابندی لازمی ہوتی ہے، اور بغیر کسی درست وجہ کے معاہدے سے پیچھے ہٹنا نیک نیتی کے اصولوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

ذرائع کے مطابق بلیسنگ مزارابانی نے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارت کی ایک لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا، جس کے بعد یہ تنازع پیدا ہوا۔

پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس نوعیت کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ناگزیر تھی، اسی لیے دو سال کی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ پیشہ ورانہ کرکٹ کے اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی پر جنوبی افریقی کرکٹر کوربن بوش کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔