لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلینڈ میں شیڈول ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 79 لاکھ ڈالرز سے بڑھا کر 87 لاکھ 64 ہزار 615 ڈالرز مقرر کی گئی ہے، جو ویمنز کرکٹ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور دلچسپی کا مظہر ہے۔
نئے اعلان کے تحت ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالرز کی خطیر رقم دی جائے گی، جبکہ فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم (رنر اپ) کو 11 لاکھ 70 ہزار ڈالرز ملیں گے۔ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی فی ٹیم 6 لاکھ 75 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
مزید برآں، گروپ اسٹیج میں ہر میچ جیتنے پر ٹیم کو 31 ہزار 154 ڈالرز انعام دیا جائے گا، جبکہ ایونٹ میں شریک ہر ٹیم کے لیے کم از کم 2 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ICC Women's T20 World Cup 2026 کا آغاز 12 جون سے انگلینڈ میں ہوگا، جہاں دنیا کی صفِ اول کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدِ مقابل آئیں گی۔









