114

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں بحران، مزید تین ڈائریکٹرز مستعفی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں جاری بحران میں شدت آ گئی ہے، ایک ہی روز میں مزید تین ڈائریکٹرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔

رپورٹس کے مطابق فیاض الرحمٰن نے ہفتے کو بورڈ کے طویل اجلاس کے فوراً بعد استعفیٰ دیا، جس کے بعد شانیان تنعیم اور مہراب عالم چوہدری نے بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

ان استعفوں کے بعد گزشتہ چھ ماہ میں مستعفی ہونے والے ڈائریکٹرز کی تعداد چھ ہو گئی ہے، جو بورڈ کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور عدم استحکام کی نشاندہی کرتی ہے۔ میڈیا چیئرمین کے مطابق بورڈ اجلاس میں استعفوں پر باضابطہ بات نہیں ہوئی، اور مستعفی ہونے والے اراکین نے ذاتی وجوہات کو بنیاد بنایا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ اجلاس اور اندرونی معاملات اس پیش رفت کا سبب ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب حکومت بھی بورڈ کے معاملات اور حالیہ انتخابات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے مجموعی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق بورڈ کے اندر اس قسم کے بحران سے نہ صرف انتظامی مسائل بڑھتے ہیں بلکہ ملک کی کرکٹ پالیسیوں پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔