NEPRA نے سولر نیٹ میٹرنگ کے ضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے سے موجود سولر صارفین کے معاہدے اور لائسنس اپنی مقررہ مدت تک برقرار رہیں گے، اور ان کی بلنگ سابقہ معاہدوں کے مطابق کی جائے گی۔
تاہم اگر کوئی صارف اپنے سولر سسٹم کی استعداد میں اضافہ کرتا ہے یا کسی قسم کی تبدیلی لاتا ہے، تو اس پر نئے نرخ لاگو ہوں گے۔ یہ ترمیم 9 فروری 2026 سے مؤثر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا کو ہدایت کی تھی کہ پرانے سولر صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کا مالی نقصان نہ ہو۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کے روایتی “یونٹ کے بدلے یونٹ” نظام کو ختم کر کے نیٹ بلنگ کا نیا طریقہ متعارف کرایا تھا، جس کے تحت صارفین کے بجلی کے بل میں مزید شفافیت متوقع ہے۔









