129

ایل پی جی کی قیمتوں کو پر لگ گئے

لاہور میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی کلو قیمت 450 سے 470 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر کہیں بھی فروخت نہیں ہو رہی۔

تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت 304 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم مارکیٹ میں اس پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔

دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ہی گیس مہنگے داموں فراہم کی جا رہی ہے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ اگر انہیں 443 روپے فی کلو کے حساب سے گیس مل رہی ہے تو وہ سرکاری نرخ پر کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں پر کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو باقاعدہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر کارروائی کرے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔