297

ویسٹ انڈین کھلاڑی کراچی پہنچ گئے

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا اور کھلاڑیوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔

کھلاڑیوں کو یہ دونوں تحفے اتنے پسند آئے کہ وہ مقامی ہوٹل میں بھی اسے پہنے رہے، ہوٹل کی انتظامیہ نے ویسٹ انڈین کرکٹرز کا پھولوں کے ہار سے استقبال کیا۔کپتان جیسن محمد ہوں یا مارلن سیموئلز سب کی خوشی چہروں سے عیاں تھی۔کپتان جیسن محمد سمیت، مارلن سیموئلز،سیموئیل بدری اور آندرے فلیچر سمیت کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ جمی ایڈمز بھی پاکستان پہنچے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور میدان کو بھی سجا دیا گیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ 21 سے 25 فروری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)، آخری ون ڈے 21 جنوری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 20 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں یکم، 2 اور 3 اپریل کو کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلیں گی۔