اسلام آباد: ایران نے دو پاکستانی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ دونوں جہاز جنگ کے آغاز کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے خلیج فارس میں رکے ہوئے تھے، تاہم ایران کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد انہوں نے اپنی منزل کی جانب دوبارہ سفر شروع کر دیا ہے۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا جہاز ’’ملتان‘‘ اور ایک چارٹرڈ جہاز ’’پی الیکی‘‘ آبنائے ہرمز عبور کر کے خلیجی پانیوں سے باہر آ چکے ہیں۔ ’’پی الیکی‘‘ میں تقریباً ساڑھے 8 کروڑ لیٹر خام تیل لدا ہوا ہے، جو پاکستان کے لیے درآمد کیا جا رہا ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق دونوں جہاز 31 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دونوں جہازوں نے گزشتہ روز خلیجی ممالک کے قریب سے آبنائے ہرمز کا سفر شروع کیا تھا اور اب وہ بحفاظت اپنی منزل کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں۔









