کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تاریخی گراوٹ کے بعد پاکستان میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں یکدم 436 ڈالر کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد قیمت 4,250 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ عالمی سطح پر اس بڑی گراوٹ کے اثرات فوری طور پر پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔
ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 43,600 روپے کی تاریخی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 47 ہزار 762 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 37,380 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 83 ہزار 883 روپے کی سطح پر آ گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ فی تولہ چاندی 800 روپے سستی ہو کر 6,884 روپے پر آ گئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 686 روپے کمی کے بعد 5,901 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی حالات، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رجحان میں تبدیلی اس بڑی کمی کی اہم وجوہات ہیں۔









