مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت بڑھ کر 98.2 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ برینٹ کروڈ آئل 108 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں تقریباً 2.5 فیصد جبکہ برینٹ کروڈ میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے ایران کی گیس تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کی سلامتی اور عالمی توانائی کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا نہ صرف عالمی توانائی سپلائی بلکہ ماحول کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
قطری حکام نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی میں کمی لانے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔









