عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ جی سیون ممالک کی جانب سے سپلائی بڑھانے کے منصوبوں کے باوجود امریکی خام تیل کی قیمت 5.38 فیصد اضافے کے بعد تقریباً 88 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ لندن برینٹ آئل 5.32 فیصد مہنگا ہو کر 92.48 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو بڑھایا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر کے ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ جنگ جلد ختم ہونے کے بیان کے بعد قیمتوں میں ایک وقتی 17 فیصد کمی دیکھنے کو ملی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور سپلائی و ڈیمانڈ کے توازن پر منحصر ہے۔ اس کے اثرات نہ صرف بین الاقوامی مارکیٹ بلکہ مقامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔









