80

خلیجی ممالک میں کارگو لوڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی

مشرقِ وسطیٰ، بحیرہ احمر اور مشرقی بحیرہ روم میں کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی تجارت شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دنیا بھر کی بڑی بین الاقوامی شپنگ لائنز نے نئی ایڈوائزریز جاری کرتے ہوئے کارگو بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ شپنگ ذرائع کے مطابق کئی بین الاقوامی کمپنیاں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی عدم استحکام کے پیش نظر کارگو ہینڈلنگ روک چکی ہیں، جبکہ بحیرہ احمر اور مشرقی بحیرہ روم کی بندرگاہوں کے لیے تمام نئی بکنگ بھی بند کر دی گئی ہیں۔

ادھر خلیجی ممالک کی بندرگاہیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ شپنگ لائنز نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، عراق، کویت، عمان اور قطر کی بندرگاہوں سے کارگو لوڈنگ عارضی طور پر روک دی ہے۔ خلیج فارس اور مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال کے اثرات پاکستان تک بھی پہنچ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی میں قائم ٹرمینلز سے بھی کارگو لوڈنگ معطل کر دی گئی ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے جی ٹی ایل اور QICT پر لوڈنگ بند ہے، تاہم صرف کارگو ڈسچارج کی اجازت دی جا رہی ہے۔

شپنگ لائنز نے اپنے جہازوں کو رفتار کم کرنے، محفوظ بندرگاہوں یا کھلے سمندر میں انتظار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں، اور خلیجی خطے میں موجود تمام جہازوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے دنیا بھر سے کی جانے والی نئی کارگو بکنگ عارضی طور پر معطل کی گئی ہے، جبکہ متاثرہ جہازوں پر موجود کارگو کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شپنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر بکنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔