سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے موقع پر صارفین کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کر دیا ہے تاکہ سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔ کمپنی کے مطابق رمضان کے دوران صبح 3 بجے سے رات 10:30 بجے تک گیس کی مسلسل رسد یقینی بنائی جائے گی تاکہ صارفین اپنے پکوان بلا رکاوٹ تیار کر سکیں۔
ایس ایس جی سی نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مقدس مہینے میں گیس کا پریشر بہتر سطح پر برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ملک میں گیس کے ذخائر میں ہر سال تقریباً 10 فیصد کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے رمضان کے پیش نظر اضافی گیس فراہم کی گئی ہے تاکہ ضرورت کے مطابق استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ اوقات میں کسی صارف کو کم پریشر یا گیس کی بندش کی صورت میں فوری طور پر 1199 ہیلپ لائن، موبائل ایپ یا قریبی کسٹمر فیسلٹیشن سینٹر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ عملہ 24 گھنٹے شکایات کے ازالے کے لیے متحرک رہے گا۔
ایس ایس جی سی نے صارفین پر زور دیا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں لاکھوں چولہوں کے بیک وقت استعمال کے باعث پریشر متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے گیس کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے اور بلا ضرورت چولہا نہ جلایا جائے۔ ساتھ ہی، غیر قانونی گیس کمپریسر کے استعمال کو غیراخلاقی اور قابل سزا قرار دیا گیا ہے تاکہ دیگر صارفین متاثر نہ ہوں۔
رمضان کے اس بابرکت مہینے میں ایس ایس جی سی کی یہ سہولت صارفین کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی اور ہر گھر میں سحری اور افطاری کے اوقات میں پکوان کی تیاری بلا رکاوٹ ممکن بنائے گی۔









