125

کیا نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ عید پر دستیاب ہوں گے یا نہیں؟ رپورٹ جاری

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عیدالفطر پر نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ دستیاب نہیں ہوں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائن کابینہ کے پاس موجود ہیں، تاہم منظوری کے بعد پرنٹنگ اور اسٹاک میں وقت درکار ہوگا۔

جدید ترین سیکیورٹی فیچرز

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس میں انتہائی جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے عام شہری بھی باآسانی اصلی اور نقلی نوٹ میں فرق کر سکے گا۔

غیر ملکی بینکس کی پاکستان میں دلچسپی

جمیل احمد نے انکشاف کیا کہ تین ممالک کے بڑے بینکس پاکستان میں اپنے بینکس کھولنے کے خواہشمند ہیں، تاہم اس مرحلے پر ملکوں کے نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے اور تینوں سے بات چیت جاری ہے۔

شرح سود اور حکومتی منافع

انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ شرح سود میں کمی سے حکومت کو بچت ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے سے اسٹیٹ بینک کے منافع میں کمی ہوتی ہے اور یہی منافع حکومت کو منتقل کیا جاتا ہے۔

گورنر کے مطابق گزشتہ سال اسٹیٹ بینک نے حکومت کو 2.4 ٹریلین روپے منافع کی صورت میں ادا کیے۔

ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کی توقع

جمیل احمد نے بتایا کہ رواں مالی سال ترسیلات زر 42 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں، جو مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہوں گی، تاہم ایکسپورٹس میں مجموعی کمی کا امکان ہے۔

نان فوڈ ایکسپورٹ میں اضافہ، چاول کی برآمدات متاثر

ان کا کہنا تھا کہ نان فوڈ ایکسپورٹ میں 5 سے 6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ فوڈ ایکسپورٹ میں کمی دیکھی گئی، خصوصاً چاول کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم حکومتی سپورٹ کے بعد بہتری کی امید ہے۔

ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ایس ایم ای فنانسنگ میں بہتری

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق:

رواں سال 4.5 ارب ڈالر بیرونی ادائیگیاں کی جائیں گی

ڈیجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے

20 لاکھ مرچنٹس کو ڈیجیٹل نظام میں لایا جائے گا

ایس ایم ای فنانسنگ میں بہتری آئی ہے

شرح سود میں کمی کے بعد ہاؤسنگ فنانس میں اضافے کی توقع ہے