137

امریکا اور ایران مذاکرات کی خبریں، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ

امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کی خبروں کے بعد عالمی تیل منڈی میں قیمتوں پر فوری اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دونوں ممالک کے ممکنہ مذاکرات کی اطلاعات سے سرمایہ کاروں کے رویے میں تبدیلی آئی، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 2.07 فیصد کمی کے بعد 68.02 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 2.06 فیصد کمی کے ساتھ 63.80 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

ماہرین کے مطابق اس کمی کی وجہ عالمی مارکیٹ میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ بات چیت کے اثرات ہیں، جو توانائی کی سپلائی اور جغرافیائی سیاسی خطرات پر اثر ڈال سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم مذاکرات کی خبریں آنے کے بعد مارکیٹ کا رجحان نیچے کی جانب ہو گیا۔