101

بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تاریخی قدم

بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اسٹیون جیرارڈ اکیڈمی کا پہلا فٹبال ٹریننگ کیمپ کوئٹہ میں شروع کر دیا گیا ہے۔ اس تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد مقامی نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی فٹبال تربیت فراہم کرنا ہے۔

کوئٹہ فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کیمپ میں برطانیہ سے آئے 6 رکنی کوچز کے زیر نگرانی نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تکنیک، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ فٹبال تربیت دی جا رہی ہے۔

کیمپ میں بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں سے 63 نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، اور تربیت 5 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔ برطانوی کوچز کرسچین اور تھامس کی زیر نگرانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں، تاکہ وہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر کھیل سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کی دریافت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔