105

ایرانی ریال کی قدر میں تاریخی کمی، امریکی ڈالر 15 لاکھ ریال تک پہنچ گیا

ایران میں جاری شدید معاشی بحران کے دوران ایرانی ریال کی قدر میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ریال 15 لاکھ تک گر گیا ہے، جو اب تک کی کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ ایران بھر میں ایکسچینج کی دکانوں پر بھی یہی شرح پیش کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایران اس وقت سخت بین الاقوامی پابندیوں، معاشی بدانتظامی اور طویل المدتی پالیسی ناکامیوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے۔

ایرانی ریال کی قدر میں حالیہ گراوٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تقریباً ایک ماہ قبل تہران کے گرینڈ بازار میں تاجروں نے احتجاجاً اپنی دکانیں بند کر دی تھیں۔ اس احتجاج کی بنیادی وجہ ریال کی تیز گراوٹ اور بدتر ہوتی معاشی صورتحال بتائی گئی تھی۔

بعد ازاں یہ احتجاجی مظاہرے کئی دیگر شہروں تک پھیل گئے اور بعض مقامات پر پرتشدد شکل اختیار کر گئے، جو ایرانی حکومت کے لیے ایک سنگین داخلی چیلنج بن چکے ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو ایران کو مزید مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی بے چینی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔