ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے وزیر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے معاملے کو قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ جمعے یا پیر تک متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں محسن نقوی نے آئی سی سی کے مبینہ دہرے معیار پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک جبکہ دیگر ممالک کے لیے مختلف اصول اپناتا ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے نشاندہی کی کہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا، جس پر اسے متبادل وینیو فراہم کیا گیا، تاہم بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث نہ جانے پر اسے ورلڈ کپ سے باہر کر دیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا تو اسے آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی خطیر رقم سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتا تو زیادہ نقصان بھارت کو ہوگا، کیونکہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ ہوتا ہے۔









