120

حارث رؤف کا ورلڈکپ اسکواڈ سے ممکنہ اخراج، کھلا ردِعمل

قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے ممکنہ اسکواڈ سے باہر رہنے کی خبروں پر کھل کر ردِعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکواڈ میں شامل نہ کیا گیا تو یہ مایوس کن ضرور ہوگا، لیکن یہ ان کے کیریئر کا اختتام نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک حتمی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا، تاہم رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فاسٹ بولر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وائٹ بال ہیڈ کوچ بھی حارث کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔

حارث رؤف نے اپنی آخری قومی نمائندگی 28 ستمبر، 2025 کو ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے خلاف کی تھی، جہاں وہ دباؤ کے تحت 3.4 اوورز میں 50 رنز دے بیٹھے۔ اس کے بعد وہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا حصہ نہیں بن سکے۔

حالیہ انٹرویو میں حارث رؤف نے کہا: ’’اگر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل نہیں ہوا تو یہ مایوس کن ہوگا، لیکن یہ میرے کیریئر کا اختتام نہیں ہے۔ میں اپنی بولنگ پر مسلسل کام کر رہا ہوں اور جب بھی موقع ملا بہترین کارکردگی پیش کروں گا۔’’

قابل ذکر بات یہ ہے کہ قومی ٹیم سے باہر ہونے کے باوجود حارث رؤف کی فارم شاندار ہے۔ وہ اس وقت بگ بیش لیگ 15 میں میلبرن اسٹارز کے لیے 11 میچز میں 20 وکٹوں کے ساتھ وکٹوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جو ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔