99

چھ ماہ میں ٹیکس وصولی کا نیا ریکارڈ، سب سے بڑا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں تنخواہ دار طبقہ ایک بار پھر سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا طبقہ بن کر سامنے آیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران تنخواہ دار طبقے نے 226 ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق تنخواہ دار طبقے کی جانب سے ادا کیا گیا ٹیکس ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے وصول ہونے والے ٹیکس سے دگنا ہے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس طبقے کا ٹیکس 23 ارب روپے یا 9 فیصد زیادہ رہا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر کے دوران ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے 126 ارب روپے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیکس کا بوجھ مسلسل تنخواہ دار طبقے پر بڑھ رہا ہے، جبکہ کاروباری برادری، زراعت اور رئیل اسٹیٹ جیسے بڑے شعبوں کی ٹیکس ادائیگی کا تناسب اب بھی محدود ہے۔