145

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان، شاداب خان کی واپسی پر بحث چھڑ گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تجربہ کار بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی نمایاں رہی، تاہم چند ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

شاداب خان کو کندھے کی سرجری کے بعد دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سلیکٹرز کے مطابق لیگ اسپنر اس وقت آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جسے ان کی واپسی کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں وکٹ کیپر بلے باز خواجہ نافع کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔

تاہم شاداب خان کی شمولیت پر سابق کپتان راشد لطیف نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شاداب خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا، لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار اور مسلسل کارکردگی دکھانے والے سفیان مقیم اور معاذ صداقت کو نظر انداز کر دیا گیا۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک سطح پر مستقل پرفارمنس دینے والے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع نہ دینا سلیکشن پالیسی پر سوالیہ نشان ہے، اور اس حوالے سے سلیکٹرز کو شفاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے کرنے چاہئیں۔