انڈونیشیا کے فاسٹ باؤلر گیدے پریاندانا نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
یہ تاریخی کارنامہ انہوں نے کمبوڈیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا، جس کے بعد وہ مردوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
28 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمبوڈیا کے مڈل اور لوئر آرڈر کو مکمل طور پر تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر مسلسل تین وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی، ایک ڈاٹ بال کے بعد مزید دو بلے بازوں کو آؤٹ کر کے اپنی اوور میں مجموعی طور پر پانچ شکار مکمل کیے۔
میچ میں انڈونیشیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں کمبوڈیا کی پوری ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
واضح رہے کہ ڈومیسٹک مردوں کی ٹی 20 کرکٹ میں اس سے قبل ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ دو مرتبہ سرانجام دیا جا چکا ہے، تاہم بین الاقوامی سطح پر یہ اعزاز پہلی بار حاصل ہوا ہے، جو گیدے پریاندانا کے نام سے منسوب ہو گیا ہے۔









