160

نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے نیا میکنزم، خرید و فروخت کے لیے الگ الگ ٹیرف نافذ

نیپرا نے نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خرید و فراہمی کے لیے نیا میکنزم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت بجلی خریدنے اور فروخت کرنے کے لیے الگ الگ ٹیرف لاگو ہوں گے۔ نئے پروزیومر ریگولیشنز 2025 کے مطابق بجلی کمپنی صارف سے نیشنل ایوریج انرجی پرچیز پرائس پر بجلی خریدے گی، جبکہ صارف کو بجلی موجودہ ٹیرف کے مطابق فراہم کی جائے گی۔

ریگولیشنز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی صارف اپنے لوڈ سے زیادہ بجلی پیدا نہیں کر سکتا، اور نیپرا صارف کی پیداوری صلاحیت پر نظرثانی کا حق رکھتا ہے۔ نئے نظام کے تحت خرید و فروخت کے لیے الگ میٹر نصب ہوں گے، اور نیٹ میٹرنگ صارف اپنی بجلی کسی دوسرے صارف کو فروخت نہیں کر سکے گا۔

نیپرا کے مطابق یہ ریگولیشنز نئے صارفین پر فوری طور پر لاگو ہوں گی، جبکہ موجودہ صارفین پر پرانے معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد اثر ڈالیں گی۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سولر صارفین کی تعداد 4 لاکھ 24 ہزار 841، نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد چھ ہزار 340 اور آف گرڈ صارفین کی مجموعی صلاحیت 12 ہزار میگاواٹ سے زائد ہو گئی ہے۔