98

پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت ، بولی کیلئے 40 لاکھ ڈالر قیمت مقرر

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نئی فرنچائزز کے لیے بولی کی ابتدائی قیمت 40 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم حتمی رقم میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بولی میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کو 2 لاکھ ڈالر بطور سکیورٹی ڈیپازٹ جمع کروانا ہوگا۔ ناکام بولی دہندگان سے 20 ہزار ڈالر ناقابلِ واپسی فیس وصول کی جائے گی، جبکہ باقی رقم واپس کر دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڈ کمیٹی بولی کے عمل سے قبل تمام تکنیکی اور مالی معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد اہل بولی دہندگان کو نیلامی میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ فرنچائز خریدنے والے مالکان کو دس سالہ حقوق دیے جائیں گے، تاہم پہلے تین سال ٹیم فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ادھر ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور علی ترین کے درمیان اختلافات کے باعث ملتان سلطانز کے مالک فرنچائز چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، جن کا معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو رہا ہے۔ اس پیش رفت کو پی ایس ایل کے مستقبل میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔