انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی برانڈ ویلیو میں 2025 میں تقریباً 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد لیگ کی کل برانڈ ویلیو 12 بلین ڈالر سے کم ہوکر 9.6 بلین ڈالر رہ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ اسٹار کھلاڑیوں کا لیگ چھوڑ دینا ہے۔
ممبئی انڈینز کی برانڈ ویلیو میں 9 فیصد کمی ہوئی ہے جس کے بعد فرنچائز کی قدر 108 ملین ڈالر رہ گئی ہے۔ اسی طرح رائل چیلنجرز بنگلور کی برانڈ ویلیو میں 10 فیصد، چنئی سپر کنگز میں 24 فیصد، سن رائزر حیدرآباد میں 34 فیصد اور راجستھان رائلز میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
حالیہ عرصے میں جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈوپلیسی اور انگلینڈ کے معین علی کے علاوہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے بھی آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ فاف ڈوپلیسی اور معین علی اس بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نہ صرف فرنچائزز کی مارکیٹنگ ویلیو پر اثر ڈال رہی ہے بلکہ آئی پی ایل کی عالمی کشش اور برانڈ امیج بھی متاثر ہو رہی ہے۔









