124

پاکستان 2035 تک 90 فیصد بجلی صاف توانائی سے پیدا کرے گا: اویس لغاری

وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خاں لغاری نے لمز یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایشیا انرجی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پاور سیکٹر کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور صارف دوست بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2035 تک 90 فیصد بجلی کلین اینڈ گرین انرجی سے حاصل کرے گا، اور موجودہ 52 فیصد صاف توانائی سے بجلی پیدا کرنا ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ اویس لغاری کے مطابق پاکستان کا شمسی انقلاب دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے اور عوام نے خود 50 گیگا واٹ سولر پینلز نصب کیے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسکوز کی نجکاری اور سرکلر ڈیٹ میں کمی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی میں صرف ایک فیصد حصہ ڈالتا ہے، مگر خطرات میں ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہے۔

وزیر پاور نے بتایا کہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز سولرائز کر کے پانی اور توانائی دونوں کے بحرانوں کا حل نکالا جا رہا ہے، اور نیٹ میٹرنگ اصلاحات آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرائی جائیں گی۔ CTBCM پالیسی بھی منظوری کے بعد اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں فعال کر دی جائے گی۔