34

میڈرڈ میں اسپین کی شاندار جیت، خواتین نیشنز لیگ کا تاج برقرار

میڈرڈ میں کھیلے گئے خواتین نیشنز لیگ فائنل کے دوسرے لیگ میں اسپین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جرمنی کو 0-3 سے شکست دے کر ایک بار پھر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس سے قبل پہلا میچ جرمنی کے شہر کائسریس لاؤٹن میں بغیر گول کے برابر رہا تھا۔

پہلے لیگ میں جرمنی نے جارحانہ کھیل پیش کیا، مگر موقعے ضائع کرنے کی قیمت انہیں میڈرڈ کے فیصلہ کن میچ میں چکانی پڑی۔
میڈرڈ میں اسپین نے ابتدا ہی سے جارحانہ دباؤ برقرار رکھا، لیکن جرمن گول کیپر این-کترین برگر کی شاندار سیونگز نے ٹیم کو دیر تک بچائے رکھا۔

آخرکار 61ویں منٹ میں کلاؤڈیا پینا نے جادوئی گول کے ساتھ خاموشی توڑ دی۔
صرف سات منٹ بعد وِکی لوپیز نے ٹیم کی برتری 0-2 کر دی۔
اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے 74ویں منٹ میں کلاؤڈیا پینا نے ایک اور گول داغ کر میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔

اس فتح کے ساتھ اسپین کی ویمنز ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ یورپ میں خواتین فٹبال کی مضبوط ترین قوت ہے۔