85

برطانوی سرمایہ کاروں کی دو نئی پی ایس ایل ٹیموں میں گہری دلچسپی

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنی عالمی مارکیٹ میں توسیع کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے لندن میں ہائی پروفائل روڈ شو کرنے کا اعلان کردیا۔ روڈ شو کرکٹ کے تاریخی گھر لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا، جہاں عالمی سرمایہ کار، کمرشل پارٹنرز اور کرکٹ فینز کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک ہے اور اس کی دو نئی ٹیموں میں برطانوی سرمایہ کار گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لندن روڈ شو لیگ کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔
انہوں نے اسے "پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا بھرپور ثبوت" قرار دیا۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بتایا کہ دو نئی فرنچائزز کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ روڈ شو میں کاروباری شخصیات، ممکنہ فرنچائز مالکان اور شائقین شرکت کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 30 سپر فینز کو خصوصی ایونٹ میں مدعو کیا جائے گا، جبکہ ٹکٹس سے متعلق تفصیلات جلد جاری ہوں گی۔