90

وزارت خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ: مہنگائی میں کمی، معیشت بہتری کی راہ پر گامزن، قومی قرضہ 1371 ارب روپے کم ہو گیا

وزارت خزانہ نے ملک کی معاشی صورت حال پر اپنی تازہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت محتاط طور پر مثبت راہ پر گامزن ہے اور اقتصادی اصلاحات کے نفاذ سے استحکام میں بہتری آ رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ خوراک کی قیمتوں اور زرعی آؤٹ پٹ پر کچھ دباؤ موجود ہے، تاہم صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ حکومت کی معاون اقدامات کے نتیجے میں سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے اور ربیع سیزن کے دوران زرعی سپلائی میں استحکام متوقع ہے۔

ماہانہ آؤٹ لک میں بتایا گیا کہ مالی نظم و ضبط میں بہتری، محصولات میں اضافہ اور حکومتی اخراجات میں محتاط حکمت عملی سے معیشت کی بنیاد مستحکم ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ بھی اقتصادی استحکام کی حمایت کر رہا ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایل ایس ایم سیکٹر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عوامی قرضہ 1371 ارب روپے کم ہو گیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ پانچ سال بعد کسی سہ ماہی میں قرض میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ مہنگے قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی سے مالی خطرات میں کمی کا امکان ہے اور حکومت کی حکمت عملی اقتصادی استحکام کے لیے مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔