151

ٹریوس ہیڈ کی سنچری نے کرکٹ آسٹریلیا کو کروڑوں کا نقصان کرا دیا

پرتھ میں ہونے والا یہ مقابلہ کئی دہائیوں بعد تاریخ رقم کر گیا، کیونکہ 1921 کے بعد پہلی بار ایشیز کا کوئی ٹیسٹ میچ صرف دو روز کے اندر ختم ہوا۔ آسٹریلوی بیٹنگ لائن نے مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا، جبکہ ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔

میچ کے قبل از وقت ختم ہونے نے اگرچہ آسٹریلوی ٹیم کو فائدہ دیا، تاہم دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ کے تیسرے اور چوتھے دن کے لیے فروخت شدہ اور متوقع ٹکٹوں کی مد میں تقریباً 3 ملین آسٹریلوی ڈالر—یعنی 54 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد—کا نقصان سامنے آسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تیسرے دن کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے، جس کے باعث مالی خسارہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا چند ہفتے قبل ہی 2024-25 کے مالی سال کے لیے 11 ملین آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ کے خسارے کا اعلان کر چکا ہے، ایسے میں ایشیز ٹیسٹ کا قبل از وقت خاتمہ انہیں ایک اور جھٹکا دے گیا ہے۔