سعودی عرب نے پاکستان کیلئے تیل کی مالی سہولت مزید بڑھا دی ہے، جس کے تحت رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں فراہم کی جانے والی آئل فیسلیٹی 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق اکتوبر میں پاکستان کو مزید 10 کروڑ ڈالر کی تیل سہولت دی گئی۔
سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر مالیت کے تیل کی ادائیگی بھی ایک سال کیلئے مؤخر کر دی ہے جبکہ وزارت خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے اپنے 5 ارب ڈالر ڈیپازٹس کی مدت میں دوبارہ توسیع کر دی ہے، جو پاکستان کیلئے بڑی مالی سپورٹ ہے۔
دستاویزات کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو سعودی سہولت کے تحت 85 ارب روپے مالیت کا تیل ملا، جبکہ سعودی عرب ہر ماہ تقریباً 100 ملین ڈالر کا تیل پاکستان کو فراہم کر رہا ہے۔ یہ اقدامات پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر اور بیرونی مالی استحکام کیلئے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔









