بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل کی انجری سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں گردن کی تکلیف کے باعث میدان چھوڑنے والے شبمن گل کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، تاہم ان کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت غیر یقینی ہوگئی ہے۔
پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران شبمن گل صرف 4 رنز پر تھے جب اچانک گردن میں شدید درد کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ طبی معائنے کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت مل گئی ہے۔
بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، جس کے بعد پروٹیز ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شبمن گل کی مکمل فٹنس کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر 22 نومبر سے گوہاٹی میں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔
بھارتی اسکواڈ منگل کے روز گوہاٹی روانہ ہو چکا ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ شبمن گل کی حالت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔









