144

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری، بابراعظم کونسی پوزیشن پر؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

بھارت کے روہت شرما نے اپنے ہم وطن شبمان گل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ افغانستان کے ابراہیم زادران بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ شبمان گل دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوبیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ فخر زمان کی ستائیسویں پوزیشن برقرار ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ تھری میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے اور سری لنکا کے مہیش تھیکشانا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد چودہویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ حارث رؤف اپنی تیسویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق آنے والے میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس رینکنگ میں مزید بہتری کے مواقع موجود ہیں۔