209

پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو جیت کیلیے 171 رنز کا ہدف

لاہور: پاکستان سپر لیگ تھری کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

لاہور میں کھیلے جارہے تیسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 16 اوورز میں 170 رنز بنائے۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی جانب سے کپتانی کے فرائض انجام دینے والے محمد عامر نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور اندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا۔

محمد عامر نے پہلے اوور میں صرف 2 رنز دیے لیکن دوسرے اوور میں کامران اکمل نے عثمان شنواری کو شاندار چھکا لگاکر اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا جب کہ محمد عامر نے اپنے دوسرے اوور میں صرف 3 رنز دیے۔

کامران اکمل نے میچ کے پانچویں اوور میں 25 رنز بٹورے انہوں نے عثمان شنواری کو ابتدائی 5 گیندوں پر 5 باؤنڈریاں رسید کیں جس میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔پشاور زلمی کے دوسرے اوپننگ بلے بازاندرے فلیچر نے بھی کامران اکمل کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے جارحانہ موڈ اپنایا اور روی بوپارا کو بلند وبانگ چھکا رسید کیا۔

اس دوران کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے صرف 17 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز لیوک رونکی نے پہلے پلے آف میچ میں کراچی کنگز کے خلاف ہی 19 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے 10ویں اوور میں پہلے اندرے فلیچر کو 34 رنز پر پویلین بھیجا لیکن پھر کامران اکمل نے انہیں بلند وبانگ چھکا رسید کیا مگر اگلی ہی گیند پر بوپارا نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ کامران اکمل 27 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

ابتدائی اوور میں ناقص بولنگ کے بعد کراچی کنگز کے بولرز خاص کر روی بوپارا نے نہ صرف بعد میں آنے والے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے روکا بلکہ پشاور زلمی کی ابتدائی 3 وکٹیں بھی انہیں کے حصے میں آئیں۔ محمد حفیظ کی اننگز 13 رنز تک محدود رہی اور لیام ڈاسن بھی صرف 13 رنز ہی بناسکے، وہ عثمان شنواری کا شکار بنے جب کہ ڈیرن سیمی نے 12 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کے بلے باز تمیم اقبال انجری کے باعث میچ میں شریک نہیں ہوئے ان کی جگہ کرس جورڈن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور شاہد آفریدی کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے وہ بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔ شاہد آفریدی کی جگہ جارح مزاج اوپنر مختار احمد کو موقع دیا جائے گا جب کہ عماد وسیم کی جگہ اسامہ میر اسپن بولنگ کے فرائض انجام دیں گے اور محمد عرفان جونیئر کی جگہ دانش عزیز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔