247

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ تھری کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی۔ 

شارجہ میں کھیلے گئے اہم میچ میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی نے کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ اوورز میں 181 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 137 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، بابر اعظم اور جوئے ڈینلی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈینلی کھاتہ کھولے بغیر ہی حسن علی کا شکار بن گئے۔جس کے بعد کولنگ انگرام بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہاب ریاض نے انہیں بھی کھاتہ کھولنے کی مہلت نہ دی اور وہ بھی بنا کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد لیام ڈاسن نے کراچی کے مڈل آرڈر کو اڑا کر رکھ دیا، انہوں نے مورگن، روی بوپارا اور شاہد آفریدی جیسے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میچ میں پشاور کی گرفت مضبوط کردی۔