263

پی ایس ایل: ناقابلِ شکست کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل

شارجہ: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن تھری میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل ہوں گے۔

ایونٹ کی فیوریٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والا ایونٹ کا 15واں میچ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ پر واضح برتری حاصل ہوگی کیونکہ عماد وسیم کی سربراہی میں کراچی کو اب تک ایونٹ میں ایک بھی شکست نہیں ہوئی۔

کراچی کنگز نے 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے تین میں فتح ہوئی جبکہ ملتان سلطانز کے ساتھ ہونے والا میچ بارش کی نظر ہوگیا۔

پی ایس ایل میں کراچی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 6 مرتبہ مدِ مقابل آچکے ہیں جن میں سے دونوں ٹیموں نے تین تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ 2016 کے ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 3 مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تینوں میچز اسلام آباد کے نام ہوئے جبکہ 2017 کے ایونٹ میں بھی دونوں ٹیمیں 3 مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور یہاں تینوں میچز میں کراچی کامیاب رہا۔

ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے گزشتہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور کو سُپر اوور میں شکست دے کر ایونٹ میں دوسری فتح حاصل کی تھی۔