414

پشاورزلمی کا ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف

دبئی: دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 3کے افتتاحی میچ میں نئی ٹیم ملتان سلطانز سے ٹکرا رہی ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا۔ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد عرفان اور سہیل تنویر نے پشاور کے کھلاڑیوں کو ابتداء ہی سے مشکل میں ڈالے رکھا۔پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ملتان کے بولرز کے آگے پشاور کے محمد حفیظ ڈٹے رہے اور انہوں نے پشاور زلمی کو مکمل تباہی سے بچایا۔

پشاور کی ٹیم کو پہلا نقصان صرف چار رنز کے مجوعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب دوسرے اوور میں محمد عرفان کی گیند پر کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔پشاور کی دوسری وکٹ تیسرے اوور کی تیسری گیند پر گری جب تمیم اقبال 11 رنز بناکر فاسٹ بولر محمد عرفان کا شکار بنے، اس وقت پشاور کا مجموعی اسکور صرف 22 رنز تھا۔

پشاور کو تیسرا نقصان 57 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب ڈوئن اسمتھ 24 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔زلمی کی چوتھی وکٹ 101 کے مجموعی اسکور پر گری جب حارث سہیل 14 رنز بناکر ہارڈس ولجوئین کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

زلمی کی پانچویں وکٹ 132 کے مجموعی اسکور پر گری اور مزاحمت کرنے والے محمد حفیظ کو جنید خان نے 59 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔پشاور کی چھٹی وکٹ 150 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سیمی 11 گیندوں پر 29 رنز بناکر سہیل تنویر کا شکار بن گئے۔

پی ایس ایل تھری کا پہلا اوور فاسٹ بولر سہیل تنویر نے کیا اور انہوں نے پہلی ہی گیند پر پشاور کے کھلاڑی تمیم اقبال کو پریشان کردیا۔پی ایس ایل تھری کا پہلا چھکا پشاور زلمی کے ڈوئن اسمتھ نے عمران طاہر کو رسید کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان، ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی ہیں، جن کی قیادت میں گذشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے دوچار کرکے پشاور زلمی نے ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

اس مرتبہ 'بوم بوم' شاہد خان آفریدی پشاور زلمی کا حصہ نہیں ہیں، جن کی کراچی کنگز میں شمولیت کے باعث ٹیم میں ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔دوسری جانب ملتان سلطانز پی ایس ایل 3 میں ڈیبیو کرنے جارہی ہے، جس کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں۔

میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم کمار سنگاکارا (وکٹ کیپر)، احمد شہزاد، شعیب ملک (کپتان)، کیرون پولارڈ، صہیب مقصود، سیف بدر، سہیل تنویر، ہارڈس ولجوئین، محمد عرفان، عمران طاہر اور جنید خان پر مشتمل ہے۔

جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم وکٹ کیپر کامران اکمل، تمیم اقبال، ڈوئن اسمتھ، محمد حفیظ، حارث سہیل، حماد اعظم، ڈیرن سیمی (کپتان)، کرس جورڈن، وہاب ریاض، ابتسام شیخ اور محمد اصغر شامل ہیں۔