135

انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ بھول کرغلطیوں سے سیکھنا ہو گا، شعیب ملک

 لاہور: قومی آل راﺅنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کو بھول کر پرانی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا، جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے ٹریننگ کا ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔

 

لاہور میں قومی انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ میدان میں کرکٹ پربھرپورتوجہ مرکوزرکھیں، ڈسپلن کا مظاہرہ کریں تو ہر شعبے میں کامیابی ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی کوچز کی طرف سے نئے ٹیلنٹ کو اچھی ٹریننگ مل رہی ہے، نوعمری میں سیکھنے کا بہترین موقع ہوتا ہے، جونیئرز کو چاہیے کہ وہ سینئرز کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت کریں۔

یاد رہے کہ 13 جنوری سے 3 فروری تک شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے قومی انڈر 19 ٹیم 22 دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گی، راستے میں پہلا پڑاﺅ آسٹریلیا میں ہو گا جہاں 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی بعد ازاں 2 میچز میگا ایونٹ کی میزبان کیویز کے ساتھ بھی ہوں گے۔