775

پاکستان ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا بھارتی کپتان کوہلی کو بڑا چیلنج

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو چیلنج دیا ہے کہ وہ پاکستانی بولرز کے سامنے کریز پر لمبی اننگز کھیل کر دکھائیں۔

ان دنوں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے میچز کی سیریز جاری ہے اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں مسلسل دو سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

مجموعی طور پر ویرات کوہلی ون ڈے میچز میں میں اب تک 34 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

ویرات کوہلی کو اس وقت دنیا کا خطرناک بیسٹمین بھی تصور کیا جاتا ہے جو کہ رنز بنانے کی مشین بھی کہلاتے ہیں لیکن اب پاکستان ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے ویرات کوہلی کو پاکستانی ٹیم کے خلاف سنچری اسکور کرکے دکھانے کا بڑا چیلنج دیا ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ بے شک کوہلی شاندار کھلاڑی ہیں اور انہیں دیگر ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہوئے اور بڑا اسکور کرتے دیکھنا کافی پرلطف ہوتا ہے لیکن وہ پاکستان بولرز کے سامنے اتنے رنز نہیں بناسکیں گے اور پاکستانی بولرز ان کے رنز بنانے کو مشکل کردیں گے۔