382

مردان میں کم عمر کھلاڑیوں کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب

مردان ۔ مردان میں کم عمر کھلاڑیوں کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پیر کے روز مردان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل کمشنر مردان ڈویژن دلدار حسین دانش ،ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا سلیم رضا ،مردان سپورٹس آفیسر رضی اللہ ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تابندہ طارق ، ضلعی فنانس آفیسر ظہیر الدین بابر کے علاوہ ضلع مردان کے کھلاڑیوں کی بہت بڑی تعداد نے اس پر وقار تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر مردان دلدار حسین دانش اور ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا سلیم رضا نے کہا کہ سپورٹس مقابلے خالصتاًمیرٹ کی بنیاد پر منعقد ہونگے، جس میں مستحق کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی۔ اور ایک بچہ ایک گیم کھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ کھیلوں کو بھر پور انداز میں فروغ دیا جائیگا۔ تاکہ غیر صحت مند سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنے معاشرے کو ایک صحت مند انداز میں فروغ دینے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔